
فلوریڈا ، پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان تین میچز پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز کے دوسرے میچ میں احوالِ شاہکوٹ ڈیسک سے نیشنل میڈیا کے مطابق پاکستان نے 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 133 رنز بنائے، ویسٹ انڈیز کو جیت کے لیے 134 رنز کا ہدف دیا گیا۔
پاکستانی بیٹنگ لائن ایک بار پھردباؤ میں نظر آئی۔ اوپنر صائم ایوب 7 رنز بنا کر جیسن ہولڈر کی گیند پر اینڈریو کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے، جبکہ دوسرے اوپنر صاحبزادہ فرحان صرف 3 رنز بنا کر ہولڈر کا دوسرا شکار بنے۔ محمد حارث 4 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔ فخر زمان نے کچھ مزاحمت کی اور 20 رنز بنائے، مگر وہ بھی روسٹن چیز کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔
پاکستان کی اننگز کا واحد نمایاں پہلو نوجوان بیٹر حسن نواز کی بیٹنگ تھی جنہوں نے 40 قیمتی رنزجوڑے تاہم وہ بھی جیسن ہولڈر کی گیند پر کیچ دے بیٹھے، فہیم اشرف بغیر کھاتہ کھولے آؤٹ ہو گئے۔ 117 کے مجموعی اسکور پر پاکستان کی سات وکٹیں گر چکی تھیں، تاہم نچلے نمبرز پر کچھ مزاحمت نے اسکور کو 133 تک پہنچایا۔
پاکستانی ٹیم نے میچ میں ایک تبدیلی کی، حارث رؤف کی جگہ فاسٹ بولرحسن علی کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے، میچ امریکی ریاست فلوریڈا کے شہرلاڈرہل میں کھیلا جا رہا ہے، اور پاکستان کو سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل ہے۔