
لاہور سے راولپنڈی آنے والی اسلام آباد ایکسپریس کی متعدد بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں جس کے نتیجے میں 25سے زائد مسافر زخمی ہوگئے۔احوالِ شاہکوٹ ڈیسک سے نیشنل میڈیا کے مطابق ٹرین کا حادثہ کالا شاہ کاکو نالہ ڈیک کے قریب پیش آیا، امدادی کارروائیاں جاری ہیں ، اندھیرےکے باعث مشکلات کاسامنا ہے ۔وزیرریلوے حنیف عباسی نے اسلام آباد ایکسپریس ٹرین حادثے کا نوٹس لے لیا، وزیر ریلوے نے سی ای او ریلوے اور ڈی ایس ریلوے کو جائے حادثہ پر پہنچنے کی ہدایت کردی۔انہوں نے ریلوے عملہ کو امدادی کاموں کو تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ طبی عملہ فوراً موقع پر پہنچے،وزیر ریلوے نے حادثہ کی انکوائری کرکے 7 روز میں رپورٹ پیش کرنے کا حکم بھی جاری کیا۔حنیف عباسی نے کہا کہ ٹرین حادثے کے واقعے کی تحقیقات کا حکم دےدیاہے، واقعہ کیسے پیش آیا تحقیقات کے بعد پتہ چلےگا،سی ای او اور دیگر اعلیٰ حکام جائے حادثہ پر پہنچ گئےہیںترجمان ریسکیو کے مطابق ریسکیو کنٹرول روم کو ٹرین حادثہ کی اطلاع7بجکر32منٹ پر موصول ہوئی،کالا شاہ کاکو کے قریب اسلام آباد ایکسپریس کی بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں۔6ایمرجنسی وہیکلز اور 25 ریسکیو اہلکاروں نےفوری ریسکیو آپریشن شروع کردیا،زیادہ تر مسافروں کو خراشیں آئیں،ابتدائی طور پر25مسافروں کو فرسٹ ایڈ دی گئی۔وزیراعظم نے کالا شاہ کاکو اور مریدکے کے درمیان ٹرین حادثے پر اظہار افسوس کیا ، انہوں نے ریسکیو ٹیموں کو مسافروں کی امداد کیلئے جلد کارروائیاں شروع کرنے کی ہدایت کی۔وزیراعظم نے ہدایت کی کہ زخمیوں کو ترجیحی بنیادوں پر فوری طبی امداد فراہم کی جائے،انہوں نے زخمیوں کی جلد از جلد صحتیابی کے لئے دعا بھی کی۔دوسری جانب اسلام آباد ایکسپریس ٹرین حادثہ کےبعد لاہور راولپنڈی ٹریک ٹرینوں کیلئے بند کردیا گیا،ترجمان ریلویز کا کہنا ہے کہ گرین لائن ایکسپریس سادھوکی سے روانہ ہوگئی۔راولپنڈی اور لاہور سے آنے اورجانے والی ٹرینوں کے روٹس عارضی طور پر تبدیل کردئیے گئے ہیں،ٹریک کلیئر ہونے تک ٹرینیں براستہ وزیر آباد ،سانگلہ ہل،حافظ آباد،شاہدرہ لاہور پہنچیں گی،لاہور سے ریلیف ٹرین اور میڈیکل وین جائے حادثہ پر موجود ہیں۔