
بڑھتی عمر کے ساتھ جسمانی کمزوریاں اور تبدیلی فطری عمل ہے، ان تبدیلیوں سے صحت زیادہ متاثر ہوتی ہے، خاص طور پر چہرے کی جھریاں انسان کی ظاہری شخصیت کو متاثر کرتی ہیں۔
چہرے پر جھریاں پڑجانا باعث تشویش ہے لیکن کچھ اقدامات ایسے ہیں کہ جن پر عمل کرنے سے بڑھاپے کی اس علامت کو کافی حد تک دور رکھا جاسکتا ہے۔
جلد پتلی ہونے کی وجہ سے خواتین کے چہروں پر جھریاں زیادہ جلدی پڑتی ہیں۔ مردوں کی جلد نسبتاً زیادہ موٹی ہونے کے باعث ان کے چہروں پر جھریاں دیر سے پڑتی ہیں۔
اس کے علاوہ ہارمونز کے مسائل اور بچوں کی پیدائش کے وقت کمزوری کی وجہ سے خواتین کے چہروں پر جھریاں پڑنا بھی ایک بڑی وجہ ہے۔
علاج اور احتیاطی تدابیر
ماہرین صحت کے مطابق والدین کو چاہیئے کہ چھوٹی عمر سے ہی بچوں کو سن بلاک استعمال کرنے کی عادت ڈالیں۔ جلد سے متعلق کسی بھی قسم کے مسئلے کو سنجیدگی سے لیں اور علاج کرائیں۔ شروع سے بچوں کو متوازن غذا کھلائیں اور متوازن طرز زندگی اپنانے میں ان کی مدد کریں۔
جھریاں پڑنے کی صورت میں چند بنیادی امور پر عمل ضروری ہے۔ ان کاسمیٹکس کا استعمال کریں جس میں وٹامن سی کی زیادہ مقدار پائی جاتی ہو۔ اس کے ساتھ ساتھ ایسے موئسچرائزر کا استعمال کریں جن میں سیرامائڈ مقدار زیادہ ہو۔
اس سب چیزوں کے ساتھ یہ بات سمجھنے کی ضرورت ہے کہ کسی بھی چیز کا استعمال ایک دن میں فائدہ مند ثابت نہیں ہو سکتا، لہٰذا بہتر نتائج کے لیے ان تمام چیزوں کو عادت بنانے کی ضرورت ہے۔
چہرے کے معاملے میں گھریلو ٹوٹکے استعمال کرنے سے گریز کریں، کوئی بھی چیز ہاتھ یا بازو پر ٹیسٹ کیے بغیر چہرے کی جلد پر استعمال نہ کریں۔