
پاکستان نے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں ویسٹ انڈیز کو14 رنز سے شکست دے دی۔
احوالِ شاہکوٹ ڈیسک سے نیشنل میڈیا کے مطابق تین میچز پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز کا پہلا میچ امریکی ریاست فلوریڈا کے شہر لاؤڈرہل میں کھیلا گیا، ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی۔
پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 178 رنز بنائے، اوپنر صائم ایوب نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 57 رنز بنائے جبکہ فخر زمان نے 28 اورحسن نواز نے 24 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی۔ویسٹ انڈیز کی جانب سے شیمارجوزف نے 3 جبکہ ہولڈر، عقیل حسین اور شیفرڈ نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈیز کی جانب سے جانسن چارلس اور جیوئل اینڈریو نے اننگز کا آغاز کیا، دونوں کھلاڑی نے 35، 35 رنز بنائے اور دونوں محمد نواز کا شکار بنے۔
ویسٹ انڈیز کے کپتان شائے ہوپ 2 رنز بنا سکے انہیں صائم ایوب کی گیند پر حسن نواز نے کیچ آؤٹ کیا، ان کے بعد جیسن ہولڈر کے علاوہ کوئی کھلاڑی جم کر نہ کھیل سکا۔ جیسن ہولڈر 30 اور شیمار جوزف 21 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہے، ویسٹ انڈیز مقررہ اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 164 رنز بنا سکی۔
پاکستان کی جانب سے محمد نواز نے 3، صائم ایوب نے 2 جبکہ شاہین آفریدی اور سفیان مقیم نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔