
احوالِ شاہکوٹ ذرائع کے مطابق سیکرٹری پنجاب ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر رضوان نصیر کی ہدایت پر ضلعی ہیڈ کوارٹرز پنجاب ایمرجنسی سروس ریسکیو 1122ننکانہ صاحب میں عالمی دن برائے ڈوبنے سے بچاؤ کے حوالے سے سیمینار اور واک کا اہتمام کیا گیا جس کی قیادت ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر محمد اکرم پنوار نے کی۔ سیمینار میں ریسکیو سیفٹی آفیسر علی عمران، اسٹیش کوارڈینیٹر سعید احمد،ریسکیو افسران و ریسکیورز، ریسکیو سکاؤٹس اور طلباء و طالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر محمد اکرم پنوار نے کہا کہ ترقی پذیر ممالک میں پانی میں ڈوبنے کے حادثات رپورٹ ہوتے ہیں اور لوگ اکثر اوقات پانی میں دھوکا کھا جاتے ہیں جس کی وجہ سے موت کی آغوش میں چلے جاتے ہیں۔ فزکس کے مطابق 6 انچ کاسیلابی ریلہ چھوٹی گاڑی کو بہا کر لے جا سکتا ہے اورسیلابی ریلوں میں گاڑیوں میں بیٹھے افراد کی شرح اموات وہاں پر باہر موجود لوگوں سے زیادہ دیکھی گئی ہے لہذا لوگوں سے گذارش ہے کہ بارشوں /سیلابی پانی اور جوہڑوں میں بچوں اور بزرگوں کو ہرگز نہ جانے دیں اور خود بھی گلیوں وغیرہ میں کھڑے پانی میں احتیاط کریں۔اگر ناگزیر حالات میں جانا پڑے تو اپنے ساتھ کوئی بانس وغیرہ ہاتھ میں پکڑ کر اپنے آگے آگے کھڑے پانی میں ڈپ کرتے ہوئے قطار کی شکل میں پیدل چلتے جائیں تا کہ اگر کہیں کوئی گٹر یا گہرا پانی ہو تو پیشگی اندازہ کیا جا سکے اور پانی میں ڈوبنے سے بچ سکیں۔آخر میں آگاہی واک کی گئی جس میں شرکاء نے آگہی بینر اور پلے کارڈز اُٹھا رکھے تھے۔