
احوالِ شاہکوٹ ڈیسک سے نیشنل میڈیا کے مطابق چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ عالیہ نیلم نے آئی جی پنجاب کو طلب کر لیا۔لاہور ہائیکورٹ میں مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاکت سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ عالیہ نیلم نے کل بدھ کو آئی جی پنجاب کو طلب کر لیا۔چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ پولیس کی موجودگی میں مبینہ ملزمان کی ہلاکتیں ہو رہی ہیں۔ اور سی سی ڈی کے مبینہ پولیس مقابلوں میں ہلاکتوں کی درخواستیں آ رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ گولی کتنی سمجھدار ہے کہ پولیس اہلکار یا گاڑی پر نہیں لگتی۔عدالت نے استفسار کیا کہ پولیس کی گولی اپنے ٹارگٹ پر ہی لگتی ہے کسی اور کو کیوں نہیں؟ ایس ایچ او معاملے پر کیا کہیں گے؟ایس ایچ او شرقبور نے مؤقف اختیار کیا کہ ملزم کے ساتھیوں نے حملہ کیا جس سے وہ مارا گیا۔چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کیا کوئی پولیس کانسٹیبل زخمی ہوا یا گاڑی پر گولی لگی؟ کیا پولیس کی گاڑی پر فائرنگ کے نشان ہیں؟ ملزم کی پولیس کی حفاظت میں جان چلی گئی۔