
احوالِ شاہکوٹ ڈیسک سے نیشنل میڈیا کے مطابق وزیر داخلہ محسن نقوی نے غیر قانونی امیگریشن میں ملوث مافیا کیخلاف کریک ڈاؤن اور زیرو ٹالرنس پالیسی اپنانے کا حکم دے دیا۔وزیر داخلہ نے ایف آئی اے ہیڈ کوارٹر اسلام آباد کا دورہ کیا انہوں نے ایف آئی اے کے شہداء کی یادگار پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔وزیر داخلہ نے آئی اے ہیڈ کوارٹر میں اجلاس کی صدارت کی جس میں ایف آئی اے کی جدید خطوط پر تنظیم نو کیلئے جامع پلان طلب کر لیا گیا۔وزیر داخلہ نے قوانین اور رولز میں ضروری ترامیم پر فوری کام شروع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ایف آئی اے کو حکومت کے ساتھ عوام کی توقعات پر پورا اترنا ہو گا، کارکردگی کی بنیاد پر ہی ایف آئی اے کو مزید مراعات دی جائیں گی۔محسن نقوی کا کہنا تھا کہ غیر قانونی امیگریشن میں ملوث مافیا سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے، ملک کی بدنامی کے ذمہ دار عناصر کو روکنا ایف آئی اے کی اولین ذمہ داری ہے۔وزیر داخلہ نے ایف آئی اے کو فاسٹ ٹریک کاؤنٹر قائم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کی سہولت کیلئے ائیرپورٹس پر امیگریشن عمل کو آسان بنایا جائے۔