
محکمہ موسمیات نے اسلام آباد سمیت مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کر دی۔ احوالِ شاہکوٹ ڈیسک سے نیشنل میڈیا کے مطابق محکمہ موسمیات کے مطابق آج کشمیر، بالائی خیبر پختونخوا، اسلام آباد، شمال مشرقی پنجاب، خطہ پوٹھوہار، گلگت بلتستان، شمال مشرقی و جنوبی بلوچستان اور جنوبی سندھ میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اس دوران بالائی خیبر پختونخوا، خطہ پوٹھوہار، کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں چند مقامات پر موسلادھار بارش کا امکان ہے، ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور حبس رہنے کا امکان ہےاسلام آباد میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کاامکان ہے، راولپنڈی، مری، گلیات، چکوال، اٹک، سرگودھا، خوشاب، جہلم، گوجرنوالہ، گجرات، سیالکوٹ، نارووال اور منڈی بہاؤالدین میں بارش کا امکان ہے۔
حافظ آباد، لاہور، شیخو پورہ، قصور اور گرد و نواح میں بارش ہونے کی توقع ہے جبکہ بہاولنگر، بہاولپور، رحیم یار خان، راجن پور اور ڈیرہ غازی خان میں بھی بارش کا امکان ہے۔دوسری جانب 25 جولائی تک بارشوں کے باعث ممکنہ سیلابی صورتحال کا الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔
راولپنڈی، مری، گلیات، چکوال، گجرات، جہلم، گوجرانوالہ، لاہور، فیصل آباد، سیالکوٹ، نارووال، جھنگ، سرگودھا اور میانوالی میں بارشیں متوقع ہیں۔
بالائی علاقوں میں بارش کے باعث پانی کے بہاؤ میں غیر معمولی اضافے کا خدشہ ہے، خیبرپختونخوا کے بالائی اور میدانی علاقو ں میں وقفے وقفے سے بارشیں ہونے کا امکان ہے، بارش کے باعث دریائے کابل، سوات، کالپنی نالہ اور بارہ نالہ میں طغیانی کا خطرہ ہے۔