احوالِ شاہکوٹ ذرائع کے مطابق ننکانہ صاحب میں ضلعی انتظامیہ نے شہر اور دیہی علاقوں میں موجودہ سیوریج سسٹم کو بچانے کے لیے اہم اقدامات اٹھائے ہیں۔ ان اقدامات کے تحت شہروں اور دیہات کی گلیوں اور بازاروں میں جانور باندھنے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب، محمد تسلیم اختر راؤ کی جانب سے جاری کردہ ایک مراسلے کے مطابق، ضلع کی تمام میونسپل کمیٹیوں کی حدود میں بھی جانور رکھنے پر مکمل پابندی ہو گی، جبکہ شاہرات کے آس پاس جانور کھلے چھوڑنا بھی ممنوع ہوگا۔انتظامیہ کے ترجمان نے بتایا کہ اس فیصلے کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ جانوروں کے فضلہ سے سیوریج لائنیں بند ہو رہی ہیں، جس سے شہری علاقوں میں رہنے والے لوگوں کی صحت کو شدید خطرات لاحق ہو رہے ہیں۔ فضلہ مچھروں کی افزائش اور دیگر بیماریوں کا باعث بھی بن رہا ہے۔ ان مسائل کی وجہ سے نہ صرف سیوریج کا نظام تباہ ہو رہا ہے بلکہ اس سے سرکاری خزانے کو بھی بڑا نقصان پہنچ رہا ہے۔تاہم، دیہی علاقوں کے رہائشی اپنے جانوروں کو اپنی چار دیواری کے اندر رکھ سکیں گے۔ ڈپٹی کمشنر نے تمام متعلقہ افسران بشمول اسسٹنٹ کمشنرز، میونسپل کمیٹیز، ضلع کونسل اور لوکل گورنمنٹ کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ ان احکامات پر سختی سے عملدرآمد کرائیں۔ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف فوری کارروائی کی جائے اور ان کے جانوروں کو سرکاری تحویل میں لے لیا جائے۔